آئی سی سی اجلاس میں مصباح بورڈ کی نمائندگی کریں گے : ذکا اشرف

 لاہور : ( ویب ڈیسک ) چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے اجلاس میں مصباح الحق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی نمائندگی کریں گے۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کا کرکٹ امور کے لیے مشیر مقرر کیا گیا ہے۔

میڈیا سے بات چیت میں سابق کپتان نے ذکا اشرف کا ایڈوائزر بننے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ یہ ذمہ داریاں بلا معاوضہ انجام دیں گے، ذکا اشرف نے انہیں بطور مشیر کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے کو کہا جو میں نے قبول کرلیا ہے۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پی سی بی کے کرکٹ امور مصباح الحق کے ساتھ مل کر انجام دیں گے، نئی قومی سلیکشن کمیٹی سے متعلق فیصلہ بھی مصباح الحق سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ مصباح الحق بورڈ کے تمام کرکٹ امور میں میری مشاورت کریں گے۔