فیصلہ دینے والے تین ججز کیخلاف ریفرنس دائر کیا جائے، نواز شریف

لندن: (ویب ڈیسک) قائد مسلم لیگ ن و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک شخص کو اقتدار میں لانے کے لیے دوبارہ جتن کیے جا رہے ہیں، فیصلہ دینے والے تین ججز کیخلاف ریفرنس دائر کیا جائے۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آمروں اور ڈکٹیٹروں کے لیے نظریہ ضرورت ایجاد کر لیا جاتا ہے، کہا جا رہا ہے کہ آئین کے ساتھ جو مرضی کھلواڑ کریں، دہرے معیار کی سمجھ نہیں آ رہی، ہمیں تو ایک منٹ میں نکال دیا تھا۔ 

نوازشریف نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی کسی کو حکومت سے نکال دیتے ہیں، کسی کو پھانسی کے پھندے تک پہنچا دیا جاتا ہے، مجھے سیسلین مافیا اور گاڈ فادر تک کہا گیا، ایک جج وزیراعظم کو کہہ رہا ہے کہ تمہیں پتا ہونا چاہیے کہ اڈیالہ جیل میں کافی جگہ ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ قانون پارلیمنٹ نے پاس کیا اس کی بھی کوئی پروا نہیں کی گئی، جو پاکستان میں ہو رہا ہے کسی اور ملک میں نہیں ہوتا، آئین توڑنے والوں کو آئین سے کھلواڑ کرنے کے لیے مہلت دی جاتی ہے۔