لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے وطن واپس پہنچتے ہی اپنی والدہ کی قبر پر حاضری دی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے والدہ بیگم کلثوم نواز کی قبر پر حاضری کے دوران پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہوں نے ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم شہباز شریف نے مریم نواز کی وطن آمد پر لکھا کہ الحمد اللہ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم کی دعاؤں سے بیٹی مریم نواز صحت مند ہوکر واپس تشریف لائی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید لکھا کہ جس طرح انہوں نے ہمیشہ بہادری اور جرأت کے ساتھ قائد مسلم لیگ (ن) کے نظریات، اصولوں اور حق گوئی کا پرچم سر بلند کیا، اب اسی جذبے اور تندہی سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
الحمدللہ! اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم کی دعاؤں سے بیٹی مریم نواز صحت مند ہوکر وطن واپس تشریف لائی ہیں۔ جس طرح انہوں نے ہمیشہ بہادری اور جرات کے ساتھ قائد مسلم لیگ (ن) کے نظریات، اصولوں اور حق گوئی کا پرچم سربلند کیا، اب اسی جذبے اور تندہی سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) January 28, 2023