زلزلے سے متاثرہ شام پراسرائیل کا میزائل حملہ ، 15 افراد جاں بحق

دمشق : (ویب ڈیسک ) زلزلے سے متاثرہ شام کے دارالحکومت دمشق میں اسرائیل نے میزائل برسا دیے، جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے ۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق رات ساڑھے بارہ بجے کے قریب دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ، دمشق کے ایرانی کلچر سینٹر کے قریب اسرائیل نے میزائل سے رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا ، حملے میں 15 افراد جاں بحق اور 10سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ عمارت تباہ ہوگئی۔

اس حوالے سے شام کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اسرائیل نے مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں کی سمت سے فضائی حملہ کیا ہے، جس میں دمشق اور اس کے آس پاس کے کئی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

حملے پر اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔

خیال رہے کہ اسرائیل کی افواج فضائی حملوں میں اکثر دمشق کے آس پاس کے مقامات کو نشانہ بناتی ہیں ، 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے کے بعد گزشتہ روز ہونے والے یہ پہلے حملے تھے۔