میرے قتل کا پلان سی تیار، زرداری نے دہشت گرد تنظیم کو پیسہ دیا ہے، عمران خان

 


لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے قتل کرنے کے لیے اب پلان سی بنایا گیا ہے جس کیلیے زرداری نے دہشت گرد تنظیموں کو پیسے دیے ہیں۔


زمان پارک لاہور سے بذریعہ ویڈیو لنک پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اب پلان سی بنا ہے جس کے پیچھے آصف زرداری ہے، آصف زرداری نے دہشت گرد تنظیموں کو مجھے قتل کرانے کیلیے پیسے دیے اور سہولت کاری کیلیے پیسہ لگایا، اس سازش میں سہولت کار طاقت ور ایجنسیوں کے لوگ شامل ہیں۔


انہوں نے کہا کہ اب یہ میرے خلاف اگلی واردات کرنے والے ہیں جس کی آج ہی قوم کو خبر دے رہا ہوں، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے اور مجھے کسی کا خوف نہیں، میں ہر صورت انتخابی مہم پر نکلوں گا، مجھے کچھ ہوا تو قوم کو معلوم ہونا چاہیے یہ سب کرنے والے کون تھے؟ میں نے ان کے نام اسلیے لکھے ہیں تاکہ قوم انہیں کبھی معاف نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے میرے قتل کا بند کمرے میں فیصلہ کرنے والے چار لوگ تھے جنہوں نے مجھے راستے سے ہٹانے کی سازش کی،  مجھے قتل کی سازش کا معلوم ہوا تو ویڈیو بنا کر بیرون ملک بھیج دی تھی اور عوامی جلسے میں اعلان کردیا تھا کہ اگر کچھ ہوا تو ویڈیو ریلیز ہوجائے گی، اس ویڈیو میں سازش کرنے والے چار لوگوں کے نام ہیں جن میں زرداری بھی شامل ہے۔


عمران خان نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پلان بی کے تحت مجھے مذہبی انتہا پسندی کے نام پر قتل کا منصوبہ بنایا، اس پلان کا مجھے علم ہوا تو جلسوں میں ساری سازش کو بے نقاب کیا، مجھے قتل کرنے کے پلان میں یہ تقریباً کامیاب ہوگئے تھے مگر اب یہ پلان سی کی طرف جارہے ہیں جس کے لیے زرداری نے دہشت گرد تنظیموں کو ٹاسک دیا اور سہولت کاری کےلیے پیسہ بھی لگایا ہے۔


اُن کا کہنا تھا کہ ’زرداری نے یہ پیسہ سندھ سے لوٹ کر حاصل کیا جسے وہ الیکشن پر لگا کر اراکین اسمبلی کو خریدتا ہے‘۔


چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پارلیمنٹ جمہوریت اور اداروں کو تباہ کرنے کا مقصد اپنی چوری چھپانا ہے، یہ سب کچھ مجھے راستے سے ہٹانے کیلیے کیا جارہا ہے، اس سے ملک ترقی نہیں بلکہ مزید تباہی کیطرف جائے گا، ان کو خوف ہے کہ کہیں سازش کرنے والوں کا پتہ نہ لگ جائے یہ مزید غلطیاں کررہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ قوم اور عدلیہ سُن لے یہ پاکستان کیلیے یہ فیصلہ کن وقت ہے اور یہ وقت اُس وقت آتا ہے جب ہر کوئی بے نقاب ہوجاتا ہے، ان 9 ماہ میں بہت سارے لوگ بے نقاب ہوگئے، ڈار اور شہباز کیا تھے قوم کو معلوم ہوگیا، اسحاق ڈار پاکستانی معیشت کو وہاں لے گیا جہاں قومی سلامتی کو خطرہ ہے۔


عمران خان نے مزید کہا کہ ماہرین پاکستانی معیشت کی خوفناک تصویر پیش کررہے ہیں، پاکستان میں وائٹ کالر کرائم کو لائسنس دے دیا گیا ہے۔