ڈی جی خان: (ویب ڈیسک) موضع جھنگی میں سی ٹی ڈی پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں دو دہشت گرد ہلاک اور دو فرار ہو گئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گرد پولیس چیک پوسٹ پر حملے کرنا چاہتے تھے، سی ٹی ڈی پولیس نے موقع پر پہنچ کر دہشت گردوں کو پکڑنے کی کوشش کی، دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر مقابلے کے دوران دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت روہید خان اور حنیف اللہ کے نام سے ہوئی ہے، دہشت گردوں کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے، دہشت گرد لاہور، کے پی کے، اسلام آباد راولپنڈی میں دہشت گردی کی کارروائیاں کر چکے ہیں۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں سے ایک کلاشنکوف، پستول، 50 بلٹس، 2 ہینڈ گرنیڈ، بارودی مواد برآمد کر لیا گیا، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
ترجمان کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے، دہشت گردوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔