پی ٹی آئی کا ’’الیکشن کراؤ ملک بچاؤ‘‘ مہم شروع کرنے کا اعلان

 


 تحریک انصاف نے عام انتخابات کے لیے وفاقی حکومت پر مزید دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت ’’الیکشن کراؤ ملک بچاؤ‘‘ ریلیوں کا آغاز کل سے ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں منظوری کے بعد الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلیوں کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ریلیوں میں مہنگائی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انصاف کی فراہمی کے معاملات کو بھی اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم کے پہلے مرحلے کے تحت لاہور میں 11 روز ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ان ریلیوں کی قیادت پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کرے گی۔  ذرائع کے مطابق مہم کی پہلی ریلی 7 دسمبر کو حماد اظہر کے حلقے میں ہوگی۔ 8 دسمبر کو دوسری ریلی ملک کرامت کھوکھر، تیسری ریلی 9 دسمبر کو شفقت محمود کے حلقے میں نکالی جائے گی۔

شیڈول کے مطابق 10  دسمبر کو سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال،11دسمبر کو رکن صوبائی اسمبلی میاں اکرم عثمان کے حلقے میں ریلی نکلے گی۔ 12دسمبر کو رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارہ ،13دسمبر کو رکن صوبائی اسمبلی شبیر گجر ، 14دسمبر کو صوبائی وزیر مراد راس اور 15دسمبر کو رکن صوبائی اسمبلی ظہیر عباس کھوکھر کے حلقے میں الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلی کا انعقاد ہوگا۔

16 دسمبر کو رکن قومی اسمبلی سرفراز کھوکھر اور 17 دسمبر کو صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کے حلقے میں ریلی نکالی جائے گی۔